بیروت،8اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)لبنان کے ایک سیکیورٹی ذریعے نے کہا ہے کہ شام کی سرحد سے متصل علاقے میں داعش نے اپنے مضبوط گڑھ سے جرود القاع میں سرکاری فوج پر سات گراڈ میزائل حملے کیے ہیں تاہم ان حملوں میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ لبنانی فوج کے باخبر ذریعے کا کہنا ہے کہ داعش کی جانب سے داغے گئے سات گراڈ میزائل القاع قصبے میں گرے ہیں۔ میزائل حملوں کے بعد لبنانی فوج نے التلال کے مقام پر داعش کے ٹھکانوں پر بھرپور جوابی حملے کیے ہیں۔
خیال رہے کہ لبنانی فوج نے حال ہی میں شام کی سرحد سے متصل علاقے جرود القاع میں داعش کے خلاف ایک بڑی کارروائی شروع کی ہے۔ لبنانی فوج اس کارروائی کے لیے کئی ماہ سے تیاری کررہی تھی۔ داعش اور فوج کے درمیان جھڑپیں بھی جاری رہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ داعش کی جانب سے گراڈ میزائل استعمال کئے گئے ہیں۔
داعش اور سابقہ النصرہ فرنٹ نے لبنان کے سرحدی قصبے عرسال میں چھ سال قبل شام میں خانہ جنگی کے آغاز میں اپنے ٹھکانے بنائے۔ اس کے بعد لبنانی فوج اور دہشت گردوں کے درمیان راکٹوں، مارٹر گولوں اور چھوٹے درجے کے ہتھیاروں سے ایک دوسرے پر حملے جاری رہے ہیں۔